ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل ناگر کٹّے کا معاملہ آپسی بات چیت کے بعد حل؛ حالات کو قابو میں رکھنے دفعہ 144 کے تحت امتناعی احکامات کا اعلان

بھٹکل ناگر کٹّے کا معاملہ آپسی بات چیت کے بعد حل؛ حالات کو قابو میں رکھنے دفعہ 144 کے تحت امتناعی احکامات کا اعلان

Sat, 17 Apr 2021 14:35:40    S.O. News Service

بھٹکل 17 اپریل (ایس او نیوز) بھٹکل میں" ناگر کٹّے"    یا"  ناگا  بنا"   معاملہ  بالاخر کمیونٹی لیڈران کے ساتھ بات چیت کے بعد حل کردیا گیا ہے۔ پتہ چلا ہے کہ  جمعہ کی شب قریب  11 بجے تک محکہ پولس کے ساتھ تنظیم کے ذمہ داران  کی نشست ہوئی تھی جس میں یہ طئے پایا گیا کہ   پہلے سے موجود ڈھانچے کی ہی مرمت کی جائے گی، زائد زمین پر قبضہ نہیں کیا جائے گا اور پڑوس میں جس  مکان  کا داخلی دروازہ ہے،   اس تعمیراتی کام سے گھروالوں کو  کوئی تکلیف نہیں پہنچے گی۔

اس سے قبل مقامی لوگوں نے الزام لگایا تھا کہ  قریب سات فٹ سرکاری زمین پر قبضہ کرکے کٹّے کے لئے کمپاونڈ تعمیر کیا جارہا ہے ، اسی بات کو لے کر عوام سمیت تنظیم  نے بھی اعتراض جتایا تھا، لیکن اسسٹنٹ کمشنر کی صدارت میں جمعہ شام کو ہوئی میٹنگ میں بی جے پی سے تعلق رکھنے والے رکن اسمبلی سنیل نائک نے  واضح کیا تھا کہ  کٹے کی مرمت  یا کمپاونڈ کی تعمیر کے لئے کوئی زائد زمین قبضہ نہیں کی جائے گی جبکہ وہاں  موجودہ ڈھانچے کی ہی مرمت کا کام کیا جارہا ہے۔

سرکل پولس انسپکٹر دیواکر نے ساحل آن لائن سے فون پر گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ رات کو  آپسی مفاہمت کے بعد آج صبح  متنازعہ زمین پر تعمیراتی کام شروع  کیا گیا ہے۔

یاد رہے کہ جمعہ کو  متنازعہ علاقہ پر  کٹّے کے تعمیراتی کام کو لے کر  سخت  اعتراض کے بعد  کام  روک دیا گیا تھا اور حالات پر قابو پانے کے لئے پولس کی زائد فورس تعینات کی گئی تھی۔ شام کو اے سی کی صدارت میں ہوئی میٹنگ ناکام ہونے کے بعدپولس کی چوکسی  بڑھادی گئی تھی۔ آج سنیچر کو    تعلقہ انتظامیہ نے  حالات کو مکمل قابو میں رکھنے کے لئے  بھٹکل میونسپل حدود میں امتناعی احکامات کے تحت دفعہ 144 نافذ کردیا ہے اور ایک جگہ پر چار  یا چار سے زائد لوگوں کے جمع ہونے پر پابندی عائد کردی ہے۔


Share: